لندن ،13؍فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے یارکشائر سے تعلق رکھنے والے 26سالہ جو روٹ کو قومی ٹیسٹ ٹیم کا نیا کپتان مقررکردیاہے۔وہ ایلسٹر کک کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالیں گے جنھوں نے گذشتہ ہفتے چار برس کے دوران 59ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی قیادت کرنے کے بعد کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں انگلش ٹیم کی قیادت کرنے والے80ویں کھلاڑی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت ملنا ایک بڑا اعزاز ہے۔ میں بہت خوش اور پرجوش محسوس کررہا ہوں۔کپتان مقرر کیے جانے سے قبل روٹ ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان تھے اور اب یہ ذمہ داری ڈرہم کاؤنٹی کے لیے کھیلنے والے 25سالہ آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو سونپی گئی ہے۔انگلش ٹیم کے سابق کپتان اور بورڈ کے موجودہ ڈائریکٹراینڈریواسٹراس نے کہاکہ جو ہمارا اگلا ٹیسٹ کپتان بننے کے لیے درست شخص ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ اس نے یہ ذمہ داری قبول کر لی ہے۔خیال رہے کہ 32سالہ ایلسٹر کک نے 2012میں انگلینڈ کی ٹیم کی کپتانی سنبھالی تھی اور ان کی قیادت میں انگلینڈ نے 2013اور 2015کے ایشز مقابلوں میں کامیابی حاصل کی۔تاہم گذشتہ سال انڈیا کے خلاف چار۔صفر سے ٹیسٹ سیریز میں شکست ہونے کے لیے بعد انھوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ان کے کپتان ہونے کے بارے میں سوالات اٹھ رہے ہیں۔